ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پانی، بجلی کے نرخوں اور اثاثہ ٹیکس میں ا ضافے کے خلاف کانگریس کا احتجاج

پانی، بجلی کے نرخوں اور اثاثہ ٹیکس میں ا ضافے کے خلاف کانگریس کا احتجاج

Sun, 29 Nov 2020 10:53:32    S.O. News Service

بنگلورو،29؍نومبر(ایس او  نیوز) ایسے مرحلے میں جبکہ ملک اور ریاست کے عوام کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے بدحال ہیں ریاستی حکومت کی طرف سے عوام کی مدد کے لئے ضروری قدم اٹھانے کی بجائے ان پر معاشی بوجھ میں اضافہ کرنے کی پالیسی کے خلاف شہر میں ہفتہ کے روز کانگریس پارٹی کی طرف سے احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

بنگلورو کے موریہ سرکل میں گاندھی مجسمے کے سامنے منظم اس احتجاجی مظاہرے میں کے پی سی سی کے کارگزار صدر سلیم احمد، پارٹی کے سینئر قائدین بی کے ہری پرساد، رام لنگا ریڈی، رکن راجیہ سبھا جی سی چندرا شیکھر،وی ایس اگرپا اور دیگر نے شرکت کی۔ریاستی حکومت کی طرف سے بجلی کے نرخوں، پانی کے نرخوں،روڈ ٹیکس اور اثاثہ ٹیکس میں اضافہ کے خلاف ان قائدین نے آواز اٹھائی اور مانگ کی کہ حکومت فوری طور پر ان عوام دشمن فیصلوں کو واپس لے۔

اس موقع پر بی کے ہری پرساد نے کہا کہ حکومت نے کسانو ں کو کچل دینے کا جو رویہ اپنایا ہے اسی کے حصہ کے طور پر کسان دشمن اراضی اصلاحات بل لایا گیا ہے۔ حکومت کی اس کوشش کو کانگریس نے ایوان بالا میں ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی اس کوشش کے بعد اب بی جے پی کونسل کے چیر مین کو ہی عہدے سے ہٹانے کے لئے تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاری میں لگ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیر مین پرتاپ چندار شیٹی کو ہٹانے کے لئے بی جے پی کی طرف سے جو تحریک لائی جا رہی ہے جنتا دل(یس) کی طرف سے اس کی مخالفت کرنی چاہئے۔ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم مودی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کا بوچھ جہاں ریاستی حکومت ڈال رہی ہے وہیں مرکزی حکومت کی طر ف سے روزانہ پیٹرول اور ڈیزیل کی قمیتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ خوردنی اناج کی قیمتیں بھی غیر معمولی طور پر بڑھ چکی ہیں عام آدمی کا اس ملک میں جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ حکومت کی طرف سے عوام کے مسائل کو سلجھانے کی طرف سنجیدگی سے کوئی پہل نہیں کی جا رہی ہے۔ سابق وزیر رام لنگا ریڈی نے کہاکہ ایک طرف بجلی کے نرخ میں فی یونٹ 40پیسے اضافہ کرنے کافیصلہ ہو تا ہے تو دوسری طرف بی بی ایم پی اثاثہ ٹیکس میں اضافہ کرنے کا فیصلہ لیتی ہے۔

مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نپٹنے میں حکومت کی ناکامی اس بات سے ظاہر ہو تی ہے کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے کیسوں میں ہندوستان نمبر دو پر ہے ممکن ہے کہ آنے والے دنو ں میں یہ نمبر ون ہو جائے۔ ہندوستان میں یہ سب مودی ہے تو ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کرپشن کی فہرست میں بھی ہمارا ملک نمبر ون پر ہے۔اس موقع پر سلیم احمد نے ریاستی حکومت کی طرف سے خدمات ضروریہ کے نرخوں میں اضافہ کے اقدام کو زیادتی قرار دیا اور کہا کہ عوام پہلے ہی کورونا وائرس کے سبب بدحال ہیں۔ طویل لاک ڈاؤن کے بعد اب بھی لوگ سنبھل نہیں پائے ہیں۔ایسے میں حکومت نے اگر اضافی بوجھ لاد دیا تو وہ اسے برداشت نہیں کر پائیں گے۔


Share: